ج- سورۂ مسد اور اس کی تفسیر:
شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
(ابولہب کے دونوں ہاتھ ٹوٹ جائیں اور وه (خود) ہلاک ہو گیا۔ نہ تو اس کا مال اس کے کام آیا اور نہ اس کی کمائی۔ وه عنقریب بھڑکنے والی آگ میں جائے گا۔ اور اس کی بیوی بھی (جائے گی،) جو (جہنم میں) لکڑیاں ڈھونے والی (ہوگی)۔ اس کی گردن میں پوست کھجور کی بٹی ہوئی رسی ہوگی)۔ [سورۂ فیل: 1-5]
تفسیر:
1- نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ابو لہب بن عبد المطب کے ہاتھ ٹوٹ جائیں یعنی اس کے عمل برباد ہو جائیں کیوں کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ایذا پہنچاتا تھا اور اس کی محنت رائیگاں گئی۔
2- اس کی دولت اور اس کی اولاد اس کے کسی کام نہیں آئی، نہ اسے نجات ملی اور نہ کوئی رحمت نصیب ہوئی۔
3- قیامت کے دن اسے دہکتی آگ میں ڈالا جاۓ گا جس کی گرمی سے وہ بدحال ہوگا۔
4- اس کی بیوی ام جمیل بھی جہنم میں جائے گی جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی راہ میں کانٹے ڈال کر آپ کو اذیت دیتی تھی۔
5- اس کی گردن میں مضبوط بٹی ہوئی رسی ڈال کر اسے جہنم کی طرف گھسیٹا جاۓ گا۔